ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک صرف ایک ریاست نہیں بلکہ جذباتی یگانگت کی علامت ہے۔کاروار میں کنڑاراجیہ اتسوا کے موقع پر دیشپانڈے کا خطاب

کرناٹک صرف ایک ریاست نہیں بلکہ جذباتی یگانگت کی علامت ہے۔کاروار میں کنڑاراجیہ اتسوا کے موقع پر دیشپانڈے کا خطاب

Wed, 01 Nov 2017 18:55:20    S.O. News Service

کارواریکم نومبر(ایس او نیوز) کنڑا راجیہ اتسوا کے موقع پر کاروار پولیس گراونڈ میں کرناٹک کاجھنڈا لہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے نے کہا کہ کرناٹک کا مطلب صرف ایک ریاست کا نام نہیں ہے بلکہ کنڑیگاؤں کی جذباتی یگانگت کی علامت ہے۔

انہوں نے ریاست کرناٹکا کی تشکیل کے تعلق سے کہا کہ آزادی سے قبل ہی کنڑا ریاست کے اتحاد کی کوشش کی گئی تھی۔ پھر جب 1953میں زبانوں کی بنیاد پر ریاستوں کی تشکیل عمل میں آئی تو کنڑی زبان بولنے والوں کو یکجا کرنے کے لئے اس علاقے کو عظیم میسور کانام دیا گیا۔اس کے بعدیکم نومبر 1973کو اس وقت کے وزیرا علیٰ دیو راج ارس نے عظیم میسور کو "کرناٹکا"جیسا معنی خیز نام دیا۔ اوراس دن خطاب کرتے ہوئے آنجہانی دیو راج ارس نے کرناٹکا کو صرف ریاست نہیں بلکہ یہاں کے باشندوں کی بھائی چارگی کی علامت قراردیا تھا۔وزیر موصوف نے کہا کہ کرناٹک جیسی عظیم ریاست کا جھنڈا لہرانے کا یہ جو موقع انہیں ملا ہے وہ ان کے لئے خوش نصیبی کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کرناٹکا کے مختلف مذاہب، قوموں اور طبقات کی آماجگاہ ہے۔محبت و مروت اور آپسی یگانگت کے ساتھ زندگی گزارتے ہوئے اس ریاست کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر کسی نے اپنا بھر پور تعاون دیا ہے۔اس موقع پر ضلع انچارج وزیر نے حکومت کی طرف سے جاری کی گئی عوامی مفاد کی اسکیموں کاخلاصہ پیش کرتے ہوئے سرکاری اعداد وشمار کے ساتھ اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کی محکمہ جاتی تفصیل بھی بتائی۔اورکہا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا کی قیادت میں ریاستی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے عرصے میں بے شمار ترقیاتی منصوبوں پر عمل کیا ہے اور عوام کو بہت ہی ضروری اور اہم سہولتیں فراہم کرنے میں پوری طرح کامیابی حاصل کی ہے۔ 


Share: